جمعہ 26 جون 2026 - 21:59
یومِ عاشور کا پیغام ہر دور میں ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت کا درس دیتا ہے

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا ہر دور میں ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت، حق پر استقامت اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے، امام حسین علیہ السلام کا ذکر، فکر اور پیغام قیامت تک زندہ رہے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد کے ڈی سی چوک میں منعقدہ یومِ عاشور کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: آج سے چودہ سو سال قبل حضرت سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا نے دربار یزید میں تاریخی اعلان فرمایا تھا کہ "تو جو کچھ کر سکتا ہے کر لے، خدا کی قسم! تو ہمارے ذکر کو ہرگز مٹا نہیں سکتا۔" یہی وجہ ہے کہ امام حسین علیہ السلام اور آلِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر ہر دور میں زندہ و تابندہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا: بنو امیہ اور بنو عباس نے ذکرِ امام حسین علیہ السلام کو مٹانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، مگر ان کی حکومتیں ختم ہو گئیں جبکہ امام حسین علیہ السلام کا نام، فکر اور پیغام آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔

یومِ عاشور کا پیغام ہر دور میں ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت کا درس دیتا ہے

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: جب پوری دنیا یزید کی بیعت کر چکی تھی تو نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے اعلان فرمایا کہ "مجھ جیسا، یزید جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا۔" انہوں نے کہا: کربلا کا یہی درس ہر دور میں ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت اور حق پر استقامت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے رہبر مسلمین شہید سید علی خامنہ ای کی حالیہ جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرزِ فکر نے دنیا کے سامنے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی عملی مثال پیش کی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل پر بھی شدید تنقید کی اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کو قومی توہین قرار دیا۔

انہوں نے کہا: تاریخ کے مختلف ادوار میں بعض حکمرانوں اور مذہبی حلقوں نے شعائرِ حسینی اور ذکرِ امام حسین علیہ السلام کو روکنے کے لیے پابندیاں اور فتوے جاری کیے، لیکن وہ اس الٰہی پیغام کو دبانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ آج دنیا کے کونے کونے میں امام حسین علیہ السلام کا پیغام پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ انسانیت کو ظلم کے خلاف قیام اور حق و عدالت کی راہ پر چلنے کی دعوت دے رہا ہے۔

یومِ عاشور کا پیغام ہر دور میں ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت کا درس دیتا ہے

قابل ذکر ہے کہ عاشورا کے اجتماع سے انجمن سپاہِ علی اکبر کے رہنما راجہ سید ریاض علی شاہ، ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے واقعۂ کربلا کے پیغام، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں اور امت مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha